لاہور:منشیات سپلائی کرنے والے بڑے گروہ کے خلاف قانون کا شکنجہ مزید کس گیا ہے اور مرکزی ملزمہ انمول پنکی کے مفرور گینگ کے اہم ترین راز افشاں ہو گئے ہیں۔ پولیس نے انمول پنکی کے نیٹ ورک کے حوالے سے اہم پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق، 12 مئی کو گرفتار ہونے والی ملزمہ انمول پنکی سے تفتیش کے بعد اب تک 3 سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لیا جا چکا ہے، جبکہ گروہ کے مزید 7 قریبی اور اہم ترین ساتھی تاحال قانون کی گرفت سے دور ہیں۔ پولیس نے ان مفرور ملزمان میں 2 خواتین کو بھی نامزد کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مفرور ملزمان انمول پنکی کے انتہائی قریبی ساتھی اور اس نیٹ ورک کو چلانے کے بنیادی مہرے ہیں۔ پولیس حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ان کے ٹھکانوں پر مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔