اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جب کہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو اضافی 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس دینے پر بھی غور ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کم از کم تنخواہ (minimum wage) میں بھی اضافہ متوقع ہے، جب کہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو مستقل طور پر بنیادی تنخواہ کا حصہ بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
نچلے گریڈ کے ملازمین کو سب سے زیادہ فائدہ ملنے کا امکان ہے، تاہم گریڈ 17 سے 22 کے افسران کے لیے بھی ریلیف کی کچھ صورتیں شامل کی جا سکتی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس سلیب میں نرمی پر بھی کام ہو رہا ہے، اور ٹیکس چھوٹ کی سالانہ حد 6 لاکھ روپے سے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
تمام تجاویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہوگا، جس کے بعد بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔