اسلام آباد: وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں پرانی گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسز کم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو سستی گاڑیاں میسر آ سکیں۔ ذرائع کے مطابق، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں اس بات کی تجویز دی ہے کہ پانچ سال پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دی جائے۔
موجودہ پالیسی کے تحت تین سال پرانی گاڑیوں کی درآمد ممکن ہے، لیکن نئی تجویز کے مطابق یہ مدت بڑھا کر پانچ سال کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی بتدریج ختم کرنے اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں بھی کمی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت آٹو سیکٹر پر کوئی نئی ڈیوٹی لگانے کے بجائے موجودہ ٹیرف کو ہر سال 10 فیصد کم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ جبکہ 2030 تک گاڑیوں پر اوسط ڈیوٹی 6 فیصد سے بھی کم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔