کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے گروپ چیٹ کی فعالیت کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے نئی اپ ڈیٹس متعارف کرادی ہیں۔ ان خصوصیات کا مقصد گروپ چیٹ کو زیادہ آسان، دلچسپ اور بہتر طریقے سے چلانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نئی اپ ڈیٹس میں ایک ایسا فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے گروپ کے ارکان کو مخصوص نام یا کردار تفویض کیا جا سکے گا۔ اس فیچر کی مدد سے بڑے گروپ میں افراد کی شناخت اور ان کی ذمہ داریوں کو سمجھنا آسان ہو جائے گا، اور گروپ میں ہر رکن کا کردار واضح طور پر دکھائی دے گا۔
اس کے علاوہ، واٹس ایپ نے ایک اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین تحریری پیغامات کو اسٹیکر کی شکل میں استعمال کر سکیں گے، جس سے گروپ چیٹ میں اظہار کا نیا انداز سامنے آئے گا اور بات چیت مزید دلکش بنائی جا سکے گی۔
گروپ ایونٹس کے حوالے سے بھی واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر شامل کیا ہے، جس کے ذریعے گروپ کے تمام ارکان کو ملاقاتوں، تقریبات یا اہم سرگرمیوں کے بارے میں پیشگی یاد دہانیاں بھیجی جا سکیں گی، تاکہ کوئی بھی اہم ایونٹ یا سرگرمی نہ چھوٹے۔
کمپنی کے مطابق یہ نئی اپ ڈیٹس مرحلہ وار صارفین کو فراہم کی جائیں گی، اور ان کا مقصد گروپ چیٹ کے تجربے کو مزید صارف دوست اور منظم بنانا ہے۔