Wed, September 16, 2026

اکشے کمار ایکشن سین کے دوران حادثے کا شکار

اکشے کمار ایکشن سین کے دوران حادثے کا شکار

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اپنی نئی ہارر کامیڈی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی عکس بندی کے دوران ایک ایکشن سین کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

فلم پروڈکشن ٹیم کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار ایک خطرناک اسٹنٹ سین کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زخمی ہو گئے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعہ کب پیش آیا اور انہیں کس نوعیت کی چوٹ آئی۔

اکشے کمار بالی ووڈ کے ان چند اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جو اپنے زیادہ تر ایکشن مناظر خود انجام دیتے ہیں۔ وہ مارشل آرٹس میں مہارت اور جسمانی فٹنس کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں خاص پہچان رکھتے ہیں اور اکثر اپنے اسٹنٹس کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے جدید فلم سازی میں وی ایف ایکس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی کے ایکشن مناظر زیادہ حقیقی محسوس ہوتے تھے، جبکہ آج کل کمپیوٹرائزڈ گرافکس کی وجہ سے حقیقت کا اثر کم ہو گیا ہے۔

فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی ہدایتکاری معروف فلم ساز پریادرشن کر رہے ہیں، اور یہ جوڑی تقریباً 15 سال بعد ایک بار پھر ایک ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل دونوں نے ’ہیرا پھیری‘، ’گرم مسالہ‘، ’بھول بھلیاں‘، ’بھاگم بھاگ‘ اور ’کھٹا میٹھا‘ جیسی کامیاب فلموں میں شاندار کام کیا تھا، جنہیں آج بھی ناظرین کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہے۔
 

ٹیگز: