واشنگٹن : میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی اور ثالثی میں ہونے والے ایران اور امریکا کے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔
روانگی سے قبل جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے تحت اس اہم مذاکراتی عمل میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت مثبت سمت اختیار کرے گی۔
امریکا اور ایران کے درمیان یہ اہم مذاکرات کل اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق ایران اور امریکا کے وفود کے ساتھ آنے والے صحافیوں کو بھی ویزا فری سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔