Wed, September 16, 2026

ٹیم میں ردوبدل پر بابر اعظم کا مؤقف، فیصلوں کا احترام کرتا ہوں

ٹیم میں ردوبدل پر بابر اعظم کا مؤقف، فیصلوں کا احترام کرتا ہوں

برمنگھم: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قومی سکواڈ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فیصلوں سے انہیں حیرت ضرور ہوئی، تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ خراب نتائج کی صورت میں ٹیم میں تبدیلیاں ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، البتہ تبدیلیوں کی وجوہات پی سی بی ہی بہتر طور پر بتا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے ٹیم کی ذمہ داری لینا ضروری ہے۔ بابر کا کہنا تھا کہ ایجبسٹن کا میدان ان کے لیے اچھا رہا ہے اور وہ تیسرے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔

گزشتہ میچ کی کارکردگی پر کپتان نے اعتراف کیا کہ پاکستان تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیت کے مطابق کھیل پیش نہیں کرسکا۔ ان کے مطابق نئے کھلاڑیوں کے لیے یہ خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے اور انہیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ جب نتائج یا پرفارمنس توقعات کے مطابق نہ ہوں تو تنقید ہونا فطری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سیریز میں وہ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

ٹیم میں تبدیلیوں کے بارے میں بابر نے کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بھی سکواڈ میں ردوبدل کے فیصلوں کا علم بعد میں ہوا۔

ٹیگز: