پاک بحریہ اس وقت دنیا کی بہترین فورس کے طور پر جانی جا رہی ہے، پاک بحریہ کی ہائی کمان یہ سمجھتی ہے کہ اگر آپ نے سمندروں پر حکمرانی کرنی اور ملکی دفاع کے ساتھ معاشی بہتری میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے تو آپ کو بحری صلاحتیوں بہترین تکنیکی مہارتوں اور جدت میں اضافے کے ساتھ فورس کے جوانوں کی حربی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرنا ہو گا جس کے لئے پاک بحریہ کی قیادت اپنی فنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید مشینری کی جانکاری اور بحری بڑے میں شمولیت کو یقینی بناتی رہتی ہے تاکہ پاک بحریہ سمندری دنیا کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ پاک بحریہ معاشی میدان میں میں اپنی صلاحیتں منوا رہی ہے بلیو اکانومی میں اس وقت پاک بحریہ لیڈنگ کردار ادا کر رہی ہے۔
ابھی حال ہی میں ’معرکہ حق‘ میں پاک بحریہ کی تزویراتی دور اندیشی نے ہندوستانی بحریہ کے جارحانہ اقدامات کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ماضی کی بے شمار شاندار مثالیں موجود ہیں کہ کس طرح پاک بحریہ نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ حالیہ ’معرکہ حق‘ میں پاک بحریہ کی کثیر جہتی آپریشنل تیاری ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ کامیاب عمل آوری نے خطے میں ہندوستانی بحریہ کی پینترے بازیوں کی آزادی کو محدود کر دیا۔ سب میرین آپریشنز کے ذریعے پاکستان نیوی کی آبدوزوں نے خاموش لیکن طاقتور ڈیٹرنٹ کا کام کیا۔ اپنی کارروائیوں میں دشمن کے اعتماد اور غرور کو نہ صرف توڑا بلکہ سمندری غلبہ کو یقینی بھی بنایا۔ فضائی نگرانی اور میری ٹائم گشت کے زریعے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول (LRMP) طیاروں نے دشمن کی آبدوز کی نقل و حرکت کا بر وقت پتہ لگایا اور اسے روکا۔ مسلسل نگرانی اور توسیع تک رسائی فراہم کی۔ سمندری ڈومین سے متعلق آگاہی میں اضافہ اور دشمن کے ارادوں کو بے اثر و ناکام کرنے میں اپنے جوہر دکھائے۔ اپنی بہتر حکمت عملی سے انڈیا کو اہم ہندوستانی بحری اثاثوں کو محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے پر مجبور کیا گیا۔ پاک بحریہ کی اپنی سمندری حدود کے دفاع کی صلاحیت حکمت عملی کی برتری اور تزویراتی توازن کو واضح کرتی ہے کہ پاک بحریہ ایک بہترین فورس ہے۔ پاک بحریہ نے کراچی پر سمندر سے ہونے والے حملوں کو روک دیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ سمندری راستوں (SLOCs) کو برقرار رکھا جائے اور بندرگاہیں کام کرتی رہیں۔ پاک بحریہ خطے میں ایک مستحکم قوت بن کر ابھری ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی ترقی اور آپریشنل ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
فورسز کی کامیابیوں کو ہر ملک سیلیبریٹ کرتا ہے پاک بحریہ اس بار آٹھ ستمبر کو ایک اور فتح کو طور پر منانے جا رہی ہے اس ضمن میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 8 ستمبر 2025ء پاکستان نیوی کی جانب سے یومِ بحریہ انتہائی عقیدت اور ملی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یوم بحریہ کی تقریبات کا آغاز پاکستان نیوی کی تمام مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاؤں کی جاتی ہیں، یاد رہے 8 ستمبر 1965ء کو آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کر کے ہندوستانی ریڈار سٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج اور دبدبہ قائم رکھا اور 5 گنا بڑی بھارتی بحریہ کو بھارتی بندرگاہ میں مفلوج کر دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جو ہمارے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے پاکستان بحریہ خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ نیول چیف پاک بحریہ نے کہا کہ ملکی بحری دفاع کو مزید مضبوط کرنے کیلئے دور حاضر کے جدید جنگی جہازوں، آبدوزوں اور میری ٹائم ایئر کرافٹس کو اپنے بحری بیڑے میں شامل کر رہی ہے، آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔ پاک بحریہ بتدریج ایک طاقتور بحری قوت کے طور پر ابھر رہی ہے جو قومی سمندری حدود اور اہم بحری راستوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ بطور محافظِ بحری حدود، یہ قوت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی فخر کی علامت ہے۔
پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کے تمام سیاسدتان دانشور اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے چیدہ چیدہ افراد نے کہا ہے کہ دفاع وطن میں پاک بحریہ کے کردارکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد دلاتا ہے، 1965ء اور 1971ء میں پاک بحریہ نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، پاک بحریہ کے جانبازوں نے جنگ کے دوران سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
یہ بات سچ ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا قابل فخر اثاثہ ہیں، دفاع وطن میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان نیوی خطے میں باصلاحیت اور متحرک پروفیشنل بحری فورس بن کر ابھری ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان محفوظ سمندری ماحول اور امن و امان کیلئے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے اور پاک بحریہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔