لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کر دیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی دس روز کے لیے عائد کی گئی ہے۔
اعلان کے تحت چار یا چار سے زیادہ افراد کے کسی بھی عوامی مقام، گلی، محلے یا کھلی جگہ پر جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ تاہم نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر اس حکم کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش، ریلیوں، عوامی اجتماعات اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے اور ممکنہ ہنگامہ آرائی کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
تمام اضلاع کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔