Wed, September 16, 2026

پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا چھٹا ٹائٹل جیت لیا

پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا چھٹا ٹائٹل جیت لیا

ہانگ کانگ : پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا چھٹا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں پاکستان نے کویت کو 43 رنز سے شکست دی، اور اس جیت کے ساتھ پاکستان سب سے زیادہ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی۔ آخری بار پاکستان نے یہ ٹائٹل 2011 میں جیتا تھا۔

فائنل میں کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کا موقع دیا۔ پاکستان نے 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ریٹائرڈ ہو گئے۔ عبدالصمد نے 42، خواجہ نافع نے 22 رنز بنائے، جبکہ شاہد عزیز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت اور محمد شہزاد بالترتیب 10 اور 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کویت کی ٹیم 136 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 92 رنز ہی بنا سکی، اور پاکستان نے 43 رنز سے فتح حاصل کی۔

اس سے پہلے پاکستان نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست دی تھی، جبکہ کویت نے انگلینڈ کو 37 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ٹیگز: