واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکومت کے کسی بھی عہدیدار کو اس سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے جی 20 سمٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ جی 20 اجلاس جنوبی افریقہ میں ہو رہا ہے، جہاں سفید فام افراد پر تشدد ہو رہا ہے اور ان کی زمینیں غیر قانونی طور پر چھینی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب تک جنوبی افریقہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، کوئی بھی امریکی عہدیدار اس اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔ پہلے ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ خود سمٹ میں شریک نہیں ہوں گے، بلکہ نائب صدر جے ڈی وینس کو بھیجنے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن بعد میں وائٹ ہاؤس نے واضح کر دیا کہ اب کوئی امریکی نمائندہ اس اجلاس میں نہیں جائے گا۔
جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ نے ٹرمپ کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افریکنرز کو صرف سفید فام گروہ کے طور پر پیش کرنا غلط ہے، اور ان کمیونٹی کے خلاف منظم زیادتی یا مظالم کے دعوے حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے ماضی میں بھی جنوبی افریقہ پر سفید فام اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات لگائے ہیں، اور ان کی انتظامیہ نے افریکنرز کو پناہ گزین کا درجہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف "نسل کشی" ہو رہی ہے۔