استنبول : ترکیہ کے شہر استنبول میں آج غزہ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی میزبانی ترک وزیر خارجہ حاقان فدان کریں گے۔ اس اجلاس میں ترکیہ کے علاوہ پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا اور یو اے ای جیسے اہم عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کے بارے میں بات چیت کرنا ہے۔ ترک وزیر خارجہ اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی سے بچنے کی کوششوں اور حالیہ اسرائیلی جارحیت کو اجاگر کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اس اجلاس میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دے گا اور غزہ سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کا انخلاء کا مطالبہ کیا جائے گا۔