اسلام آباد :ملک میں مہنگائی کا سلسلہ تھم نہ سکا، رواں ہفتے بھی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 8 مئی 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.24 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم سالانہ بنیاد پر 0.80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 9 کی قیمتوں میں اضافہ، 17 میں کمی جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن کی قیمت میں سب سے زیادہ 10.20 فیصد اضافہ ہوا۔ انڈے 7.36 فیصد، چینی 1.93 فیصد، بیف 1.50 فیصد، دال ماش، پکا گوشت، مٹن اور گڑ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
۔کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.10 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 17,733 روپے سے زائد آمدنی والے طبقات کے لیے یہ شرح 0.18 سے 0.26 فیصد کے درمیان رہی۔
یہ اعداد و شمار 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں سے حاصل کیے گئے، جہاں روزمرہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی کی جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق اگرچہ چند اشیاء سستی ہوئی ہیں، تاہم پروٹین اور چینی جیسی بنیادی ضروریات مہنگی ہونے سے عام شہری کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔