Wed, September 16, 2026

بلوچستان میں ترقیاتی انقلاب: تربت میں گرین بس سروس کا آغاز

بلوچستان میں ترقیاتی انقلاب: تربت میں گرین بس سروس کا آغاز

تربت : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت کے عوام کے لیے جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت 'گرین پیپلز بس سروس' کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اسے کیچ کے شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب بلوچستان کے دور دراز علاقوں کو بھی جدید سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ صوبے بھر میں اب تک 3 ہزار 200 غیر فعال اور بند اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بحالی سے صوبے کے ہزاروں بچوں کو دوبارہ علم کی روشنی میسر آئے گی، جو کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
سرفراز بگٹی نے اپنی گفتگو میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کہا     حکومت ایسی پالیسیاں وضع کر رہی ہے جن سے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال ہو سکے۔    نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔    اصلاحاتی ایجنڈے کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گرین بس سروس سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان کے ہر ضلع میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ٹیگز: