اسلام آباد : پاکستان نے تمام تر تحفظات بالائے طاق رکھتے ہوئے سری لنکن صدر کی خصوصی درخواست پر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی ہامی بھر لی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں کرکٹ کے مستقبل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سری لنکن صدر نے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ سری لنکا میں شیڈول پاک بھارت میچ سے دستبردار نہ ہو۔
گفتگو کے دوران سری لنکن صدر نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا میں دہشت گردی کے مشکل ترین دور میں بھی اپنی ٹیم بھیج کر وہاں کی کرکٹ کو سہارا دیا۔ پاکستانی عوام اور حکومت نے ہمیشہ سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو سیاسی و حفاظتی حالات پر فوقیت دی ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 15 فروری کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے میدان میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ اس فیصلے نے کرکٹ ورلڈ کپ کی گہما گہمی میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔