لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے عالمی کرکٹ سٹیج پر پاکستان کا سخت اور اصولی مؤقف پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی کرکٹ بورڈ کسی بھی ملک کی دھمکیوں کے آگے سر تسلیم خم نہیں کرے گا۔ انہوں نے آئی سی سی کو باور کرایا ہے کہ پاکستان اپنے حقوق اور کھیل کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
محسن نقوی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافیوں پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے اور پاکستان اس معاملے میں بنگلادیش کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان نے بنگلادیش کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام فیصلے انصاف اور کھیل کے تقاضوں کے مطابق ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "گھر آئے مہمان کو عزت دینا ہمارا فرض ہے" اور میزبان کے طور پر سب کا احترام ضروری ہے۔
گزشتہ روز آئی سی سی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات آئی سی سی کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ محسن نقوی نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے، اس کا فوری ازالہ کیا جائے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں برابری اور شفافیت کے اصولوں کی پاسداری چاہتا ہے۔
محسن نقوی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی کرکٹ پالیسی میں آزاد ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کے اس بیان کو عالمی کرکٹ سیاست میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی خود اعتمادی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔