اسلام آباد میں اب بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائکیا چلانے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس رجسٹریشن میں تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات اکٹھی کی جائیں گی، اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کریں۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری غیر رجسٹرڈ بائکیا چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔ رجسٹریشن کے بعد یہ ضروری ہوگا کہ ڈرائیور مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپلوڈ کرے۔ مسافر کا شناختی کارڈ نمبر درج کیے بغیر سواری دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت کے مطابق کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔