Wed, September 16, 2026

پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ایک مضبوط ڈھال بن چکا ہے، محسن نقوی

پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ایک مضبوط ڈھال بن چکا ہے، محسن نقوی

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ایک مضبوط ڈھال بن چکا ہے۔ یہ بیان انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے حوالے سے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر کے ساتھ ہونے والے رابطے کے دوران دیا، جنہوں نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے اس المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی حکومت اور وہ خود متاثرین کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

یورپی کمشنر میگنس برنر نے بھی متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ اپنی دعائیں ظاہر کیں اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں یورپی یونین پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی پر اطالوی وزیر داخلہ اور یورپی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان دنیا کے لیے ایک ڈھال ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کیے جائیں۔

ٹیگز: