واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو انتخابات کرانے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ اس وقت روس بہتر مذاکراتی پوزیشن میں ہے، جبکہ یوکرین جنگ کو انتخابات ملتوی کرنے کے لیے بہانے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
روس اور یوکرین کی جنگ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس ایک طاقتور ملک ہے اور اس وقت مذاکرات میں اس کی پوزیشن مضبوط ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو امن کے حالیہ منصوبوں کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین جنگ کو انتخابات نہ کرانے کے جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے، حالانکہ یوکرینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کو امریکی صدر جو بائیڈن سے 350 ارب ڈالر کی امداد ملنی تھی، لیکن جنگ کی وجہ سے ملک کا 25 فیصد حصہ اب متنازعہ ہے۔
امریکی صدر نے یورپ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ اپنے سیاسی موقف کو درست ثابت کرنے کی کوشش میں اپنی طاقت کم کر رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو یورپ کی کئی اقوام کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔