Wed, September 16, 2026

سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی، سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان پی ڈی ایم اے کےحوالے

سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی، سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان پی ڈی ایم اے کےحوالے

لاہور:سعودی عرب نے ایک بار پھر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے کر اخوت اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کر دی۔ کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کے پانچ ٹرک روانہ کیے گئے ہیں۔

یہ ٹرک لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے حوالے کیے۔

سعودی امدادی پیکج میں 10 ہزار فوڈ باسکٹس اور 10 ہزار شیلٹر کٹس شامل ہیں۔ شیلٹر کٹس میں خیمے، سولر پینلز، ایل ای ڈی لائٹس، تھرمل کمبل، کچن سیٹس، پانی کے کولر اور صفائی کا سامان شامل ہے۔ جب کہ فوڈ باسکٹس میں آٹا، چینی، دال چنا اور کوکنگ آئل جیسے بنیادی راشن کا سامان موجود ہے۔

یہ امداد پنجاب کے سات اضلاع — قصور، جھنگ، خانیوال، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ — میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ امدادی کام کنگ سلمان ریلیف سینٹر، PDMA اور حیات فاؤنڈیشن کے باہمی تعاون سے انجام دیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ"سعودی عرب کا بروقت تعاون اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔"
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سعودی قیادت کی ہمدردی اور قیادت پوری مسلم اُمہ کے لیے باعثِ رہنمائی ہے۔

ٹیگز: