7اکتوبر 2025ء کو جب میں یہ سطور ضبطِ تحریر میں لا رہا ہوں توآج سے ٹھیک دو برس قبل 7اکتوبر 2023ء کو فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی بربریت اور جارحیت کیخلاف’’ آپریشن طوفان الاقصیٰ‘‘ کا آغاز کیاتھا ۔ اس آپریشن کابڑا مقصد مسلمانوں کے قبلہ اول کو صیہونی قبضہ سے آزاد کرانا تھا‘ اگرچہ مجاہدین اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے لیکن مسئلہ فلسطین ایک بار پھر پوری دنیا کیلئے فلیش پوائنٹ بن گیا۔ اس آپریشن میں ناکامی کے بعد اسرائیل نے اپنے ظلم وستم میں اضافہ کر دیا اور اہل غزہ پر بدترین جارحیت کا آغاز کیا جو آج بھی جاری ہے۔ اہلِ فلسطین سے پاکستان کا رشتہ بہت پرانا ہے‘ قائداعظمؒ اور آل انڈیا مسلم لیگ ہمیشہ فلسطین کی آزادی کیلئے آواز اٹھاتے رہے۔ فلسطین کی حمایت میں 1933ء سے 1947ء تک آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاسوں میں 18 قراردادیں منظور کی گئیں۔ 23 مارچ 1940ء کو قرار دادِ لاہور منظور کی گئی جو قرار دادِ پاکستان کہلاتی ہے، بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ اس تاریخی موقع پر فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی قرار داد بھی منظور کی گئی تھی۔ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کے درمیان جو خط و کتابت ہوئی اس میں بھی مسئلہ فلسطین کا جابجا تذکرہ ملتا ہے۔ قائد اعظم کی دوراندیش فکر کا نتیجہ تھا کہ پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرکے اسرائیل کی ریاست کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی بد امنی کے خطرے کے پیشِ نظر اسرائیل کے اقوامِ متحدہ کا رکن بننے کی بھی مخالفت کی۔ قائدِ اعظم کی اِس غیر مبہم ، واضح اور بایقین بصیرت کے پیشِ نظر فلسطینی کاز سے پاکستانی عوام کا تعلق پختہ تر و مضبوط تر ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد قطع نظر اس کے کہ حکومت کا تعلق کس جماعت سے تھا ہر حکومت نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ کسی بھی حکومت نے تمام تر دبائو کے باوجود اسرائیل کی ناجائز ریاست کو آج تک تسلیم نہیں کیا۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاکستان کے اندر پوری قوم جن امور پر یک زبان ہے ان میں سے ایک مسئلہ فلسطین اور قبلہ اوّل کی آزادی ہے ۔یہ اصولی مؤقف اہلِ پاکستان کے جذبات کی ترجمانی بھی ہے‘ پاکستانی قوم کی روایت بھی اور بانیانِ پاکستان کا ملی و سیاسی ورثہ بھی۔ اس لیے اس سے پیچھے ہٹنے کا سوچنا بھی محال ہے۔
تحریکِ پاکستان کے دوران فلسطینی مسلمانوں کے حق کیلئے بھی آواز بلند ہوتی رہی اور اسلامیانِ ہند جہاں اپنی آزادی کیلئے مصروف جدوجہد رہے‘ وہیں انہوں نے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی میں بھی کوتاہی نہ کی۔ اس معاملے پر مسلم لیگ کے ہر اہم اجلاس میں مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے عرب مسلمانوں کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا رہا۔ برطانیہ کی طرف سے اعلان بالفور سامنے آنے کے بعد قائداعظم کا کہنا تھا ’’میں برطانوی حکومت کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ مسئلہ فلسطین کو اگر منصفانہ اور آبرو مندانہ طریقے سے حل نہ کیا گیا تو سلطنتِ برطانیہ کیلئے یہ تبدیلی کا نکتۂ آغاز ہوگا۔ برطانیہ نے فلسطینی عربوں کی رائے عامہ کو طاقت و جبر سے کچلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہم برصغیر کے مسلمان اس موڑ پر عرب مؤقف کے حامی ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ عرب مسلمان اپنے جائز حق کی جدوجہد میں ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔‘‘
مفکر پاکستان علامہ اقبال نے 1937ء میں اپنے ایک بیان میں کہا ’’ عربوں کے ساتھ جو نا انصافی کی گئی ہے‘ میں اس کو اسی شدت سے محسوس کرتا ہوں جس شدت سے ہر وہ شخص محسوس کرتا ہے جسے مشرق قریب کے حالات کا تھوڑا بہت علم ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ابھی پانی سر سے نہیں گزرا اور انگریز قوم کو بیدار کر کے اس پر آمادہ کیا جا سکتا ہے کہ وہ ان وعدوں کو پورا کرے ‘جو اس نے انگلستان کے نام پر عربوں کے ساتھ کیے تھے۔ مسلمانانِ عالم کو چاہیے کہ وہ پوری ہم آہنگی کے ساتھ اعلان کریں کہ برطانیہ کے مدبرین جس عقدے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کا تعلق صرف فلسطین تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ ایک سرے سے دوسرے سرے تک پورے عالمِ اسلام کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔‘‘ 15 اکتوبر 1937ء کو مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس منعقدہ لکھنؤمیں قائداعظم نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے برطانوی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ’’مسئلہ فلسطین کا تمام مسلمانوں پر نہایت گہرا اثر پڑا ہے۔ حکومتِ برطانیہ کی پالیسی رہی ہے کہ اس نے شروع سے لیکر اب تک عربوں کو دھوکہ دیا ہے اور عربوں کی اعتبار کر لینے والی فطرت سے پورا فائدہ اٹھایا ہے۔ برطانیہ نے عربوں کو مکمل آزادی دینے کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے بلکہ ہوا یہ کہ برطانیہ نے جھوٹے وعدے کر کے خود فائدہ اٹھایا اور بدنام زمانہ اعلان بالفور کے ذریعے خود کو ان پر مسلط کر دیا اور یہودیوں کیلئے قومی وطن کے قیام کی پالیسی تشکیل دینے کے بعد برطانیہ اب فلسطین کو دو حصوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ رائل کمیشن کی سفارشات نے اس المناک داستان کا آخری باب لکھ دیا ہے۔ اگر یہ نافذ کر دیا گیا تو عربوں کی اپنے اور آزاد وطن کی تمنائوں اور آرزوئوں کا خون ہو جائے گا۔ اب ہمیں یہ کہا جا رہا ہے کہ اصل واقعات (زمینی حقائق) پر غور کریں لیکن سوال یہ ہے کہ یہ حالات پیدا کس نے کیے؟ میں حکومتِ برطانیہ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر اس نے مسئلہ فلسطین کا تدبر‘ جرأت اور دلیری و انصاف کے ساتھ فیصلہ نہ کیا تو یہ برطانیہ کی تاریخ میں ایک تازہ انقلاب کا دروازہ کھول دے گا۔ مسلمانانِ ہند ‘عربوں کے اس منصفانہ اور جرأت مندانہ جہاد میں ان کی ہر ممکن امداد کریں گے۔ ‘‘
مفکر پاکستان آج سے نوے دہائیاں قبل اپنی مومنانہ بصیرت کی بنیاد پر جو دیکھ رہے تھے وہ آج عملا ً نظر آ رہا ہے اور مسئلہ فلسطین سے پورا عالم اسلام متاثر ہے۔ مسئلہ فلسطین کو فلسطینیوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے اور اس وقت تک اسرائیل کیساتھ کسی قسم کے تعلقات قائم نہیں کرنا چاہئیں۔ یہی ہمارا اصولی موقف ہے اور اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونا چاہئے۔