اسلام آباد / لاہور: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے تمام تعلیمی ادارے آئندہ دو روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق اسکولوں، کالجوں، جامعات اور ٹریننگ سینٹرز پر ہو گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اگرچہ تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، تاہم جاری امتحانات متاثر نہیں ہوں گے اور معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
ادھر لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 11 مئی تک بند رہیں گے۔ سیکریٹری تعلیم کے مطابق یہ ادارے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند ہوں گے، جب کہ پیر سے دوبارہ تدریسی عمل شروع کر دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے طلبہ، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔