Wed, September 16, 2026

چمن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام: پاک فوج کی بروقت کارروائی، ایک خارجی ہلاک

چمن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام: پاک فوج کی بروقت کارروائی، ایک خارجی ہلاک

راولپنڈی/چمن : پاک فوج کے مستعد دستوں نے پاک افغان سرحد پر 'فتنہ الخوارج' کے دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کا ایک گروہ سرحدی باڑ کاٹ کر پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 3 سے 4 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے چمن سیکٹر میں سرحد پار سے مداخلت کی کوشش کی۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک خارجی موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی زخمی حالت میں واپس سرحد پار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
 دہشت گردوں کے قبضے سے 5 آئی ای ڈیز (IEDs) اور باڑ کاٹنے والا جدید سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ سرحدوں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

ٹیگز: