اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی وفد ایوان صدر پہنچا، جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی بجٹ سمیت ملک کے اہم سیاسی و معاشی امور زیر غور آئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ سے متعلق بیشتر تجاویز پر اتفاق رائے قائم ہوگیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری کے لیے اصولی طور پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے “گرین سگنل” دے دیا ہے۔ تاہم چند نکات پر مزید غور و خوض کے لیے تکنیکی کمیٹیاں کام جاری رکھیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف زرداری کو مبارکباد پیش کی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ “نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی۔” جس پر صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ “آخر بیٹا کس کا ہے!”
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر بھی شریک تھے، جہاں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور جاری امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔