اسلام آباد :گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم سفارتی ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے درمیان صوبے کی معاشی صورتحال اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق امور پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ملاقات میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کا بنیادی محور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے کلیدی شعبے تھے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے امریکی وفد کو صوبے میں معدنیات (Minerals)، سیاحت (Tourism) اور توانائی (Energy) کے شعبوں میں موجود شاندار مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور پاک امریکہ مضبوط معاشی شراکت داری کے ذریعے ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ملاقات کا ایک اور اہم نقطہ قبائلی اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سابقہ فاٹا کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے تعلیمی اسکالرشپس کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا اور انہیں بین الاقوامی معیار کی جدید ترین ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر خیبرپختونخوا کے وژن کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ امریکی حکومت کے پی کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور صوبے کے معاشی استحکام کے لیے اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔