Wed, September 16, 2026

بیروت حملے کا بدلہ: ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے، جواب میں صیہونی فورسز کی ایران پر بمباری

بیروت حملے کا بدلہ: ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے، جواب میں صیہونی فورسز کی ایران پر بمباری

تہران / یروشلم : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل گہرے ہو گئے۔ ایران نے بیروت پر اسرائیلی جارحیت کا بدلہ لیتے ہوئے اسرائیل پر میزائلوں کی برسات کر دی، جس کے جواب میں صیہونی ریاست نے بھی امریکی صدر کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ایران پر جوابی فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر ہونے والے اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر گائیڈڈ میزائل فائر کیے۔ حملے کے بعد حیفا، طبریہ اور شمالی اسرائیل میں ہنگامی سائرن بجا دیے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق طبریہ کے قریب ایک ایرانی میزائل اپنے نشانے پر لگا ہے، تاہم اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے تمام میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اسی دوران لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی شمالی سرحد پر اسرائیلی فوجی پوزیشنوں کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مزید حملوں سے باز رہنے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو جوابی کارروائی نہ کرنے کی اپیل کی تھی، تاہم اسرائیل نے اس اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ایران پر حملہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق مغربی اور وسطی ایران میں اصفہان اور تبریز کے مقامات پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے حملہ کر کے بڑی غلطی کی ہے، اور لبنان میں بھی اسرائیلی آپریشنز بدستور جاری رہیں گے۔

شدید کشیدگی کے باعث ایران نے اپنی مغربی فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے، جبکہ عراق اور شام نے بھی عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر کے دمشق ایئرپورٹ پر پروازیں معطل کر دی ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں امریکی فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے ایران کو مذاکرات کی میز پر آنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر حملے بند نہ کیے تو اسے مزید تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹیگز: