Wed, September 16, 2026

پی آئی اے کی نجکاری: چار سرمایہ کار گروپ اگلے مرحلے میں شامل

پی آئی اے کی نجکاری: چار سرمایہ کار گروپ اگلے مرحلے میں شامل

اسلام آباد : قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں چار سرمایہ کار گروپوں کو بولی کے لیے اگلے مرحلے میں آگے بڑھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ مشیرِ وزیراعظم برائے نجکاری محمد علی کی صدارت میں ہونے والے نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں آٹھ امیدوار کمپنیوں کی دستاویزات کی تفصیلی جانچ کی گئی۔

منتخب ہونے والے چار امیدواروں میں لکی سیمنٹ کا اتحاد، عارف حبیب گروپ کا کنسورشیم، فوجی فرٹیلائزر لمیٹڈ اور ایئر بلیو شامل ہیں۔ ان اداروں کی مزید تکنیکی اور مالیاتی جانچ آئندہ دنوں میں مکمل کی جائے گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، 51 فیصد حصص کی نجکاری رواں سال اکتوبر میں متوقع ہے۔ دلچسپی رکھنے والی تمام کمپنیوں کو 19 جون تک اپنی درخواستیں اور ضروری معلومات جمع کروانے کی مہلت دی گئی تھی۔

ابتدائی دلچسپی ظاہر کرنے والی دیگر کمپنیوں میں فاطمہ فرٹیلائزر، کوہاٹ سیمنٹ، میٹرو سیمنٹ، سیرین ایئر، اے کے ڈی گروپ، سردار ڈی بلوچ کمپنی اور ہب پاور ہولڈنگز شامل تھیں۔ تاہم کسی بھی بین الاقوامی ادارے نے فی الحال اس عمل میں شرکت نہیں کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اہل قرار دی گئی کمپنیوں کو آئندہ 30 روز کے اندر پی آئی اے کے مالی، انتظامی اور قانونی پہلوؤں پر مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی، جس کی بنیاد پر وہ حتمی بولی دینے کے قابل ہوں گی۔

ٹیگز: