کراچی : آج سے 9 سال پہلے، 8 جولائی 2016ء کو پاکستان کے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی ہم سے جدا ہو گئے۔ وہ 28 فروری 1928 کو بھارت کے شہر بانٹوا (گجرات) میں پیدا ہوئے، اور 1947 میں تقسیم ہند کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان آ کر کراچی میں سکونت اختیار کی۔
ایدھی صاحب نے اپنی سماجی خدمات کا آغاز 1951 میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے کیا اور پھر 1957 میں ایدھی فاؤنڈیشن قائم کی۔ انھوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیا۔ ایدھی فاؤنڈیشن آج پاکستان بھر میں کلینک، پناہ گاہیں، بزرگوں اور خواتین کے لیے رہائش، اور دیگر کئی اہم منصوبے چلا رہی ہے۔
ایدھی صاحب نے ہمیشہ بلا تفریق انسانوں کی مدد کی۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی انسانیت کے لیے کام کرتے رہے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں 1989 میں حکومت پاکستان نے انہیں نشانِ امتیاز سے نوازا۔ ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا، کیونکہ انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلائی۔
عبدالستار ایدھی 88 سال کی عمر میں گردوں کی بیماری کے باعث 8 جولائی 2016 کو کراچی میں وفات پا گئے۔ ان کی وفات کے بعد حکومت پاکستان نے انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیا، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن ایدھی فاؤنڈیشن اور ان کی انسانیت کے لیے کی گئی بے لوث خدمات ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔