Wed, September 16, 2026

ایف سی ہسپتال تربت خدمت انسانیت کی درخشاں مثال

ایف سی ہسپتال تربت خدمت انسانیت کی درخشاں مثال

ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے جنوبی بلوچستان میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے ،جرائم اور سمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے میدان میں بھی ایک نمایاں اور قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ یہ فورس صرف جنوبی بلوچستان کی سرحدوں کی حفاظت اور ریاستی رٹ کے استحکام تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے تعلیم، صحت ،روزگار ،فلاح عامہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے شعبوں میں بھی عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے دلوں میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی اسی عوام دوست سوچ اور انسانی خدمت کے جذبے کی ایک روشن اور قابل فخر مثال ایف سی ہسپتال تربت ہے، جو جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک ایسا مرکز ہے جس نے ضلع کیچ سمیت ملحقہ علاقوں کے عوام کے لیے علاج و معالجے کی نئی امیدیں روشن کر دی ہیں۔بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، لیکن طویل عرصے تک یہاں صحت کی جدید سہولیات کی کمی ایک سنگین مسئلہ رہی۔ جنوبی بلوچستان میں ضلع کیچ جیسے وسیع علاقوں کے عوام کو پیچیدہ بیماریوں یا حادثات کی صورت میں سیکڑووں کلومیٹر کا سفر کرکے کراچی یا کوئٹہ جانا پڑتا تھا۔ اس طویل سفر کے دوران نہ صرف مریض کی جان کو شدید خطرات لاحق رہتے بلکہ غریب خاندانوں پر مالی بوجھ بھی ناقابل برداشت ہو جاتا تھا۔ ایسے حالات میں ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہسپتال کا قیام صرف ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم تاریخی پیش رفت ہے۔ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ)کی جانب سے اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مئی 2025 میں ضلع کیچ میں 120بستروں پر مشتمل جدید ترین ٹرشری ( Tertiary)کیئر ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد صرف ایک عمارت کھڑی کرنا نہیں تھا بلکہ جنوبی بلوچستان کے عوام کو وہ تمام طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا تھا جو اس سے قبل صرف بڑے شہروں تک محدود تھیں۔ آج یہ منصوبہ مکمل طور پر فعال ہے اور ہزاروں مریض جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ایف سی ہسپتال تربت کو عصری بین الاقوامی طبی معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ تین منزلہ جدید عمارت نہ صرف مضبوط ،پائیداراور خوبصورت طرزِتعمیر کی عکاس ہے بلکہ اسے مریض دوست ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے ۔ کشادہ وارڈز، جدید طبی آلات ،صاف ستھرا ماحول اور بہترین انتظامی سسٹم اس ہسپتال کو بلوچستان کے نمایاں طبی مراکز میں شامل کرتے ہیں۔کسی بھی جدید ہسپتال کی اصل پہچان اس کا ایمرجنسی اور ٹراما کیئر نظام ہوتا ہے۔ ایف سی ہسپتال تربت میں چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سروس موجود ہے جہاں حادثات، شدید زخمیوں اور ہنگامی طبی صورتحال سے دوچار مریضوں کو فوری علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ جدید ریسوسیٹیشن وارڈز (Resuscitation Wards)، لیبارٹری سروس اور جدید ریڈیالوجی سہولیات موجود ہیں۔ ایسے مریض جنہیں پہلے تشخیص کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، اب وہیں ایف سی ہسپتال تربت میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی، الٹراسائونڈ، اینڈوسکوپی، برونکوسکوپی اور کولونوسکوپی جیسی جدید تشخیصی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔علاج کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے صرف جدید مشینری کافی نہیں ہوتی بلکہ انفیکشن کنٹرول اور حفظان صحت کے عالمی اصولوں پر عمل درآمد بھی ضروری ہوتا ہے۔ ایف سی ہسپتال تربت میں اینٹی مائیکروبیل بائیو کلاڈ وال سسٹمز(Antimicrobil BiaClad Wall Systems)،پریمیم گرفلور فلورنگ(Premiun Gerflor Flooring) اور جدید سینٹرل اسٹرائل سپلائی ڈیپارٹمنٹ (Central Sterile Supply Department-CSSD )قائم کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو جراثیم سے پاک، محفوظ اور صحت بخش ماحول میسر آ سکے۔ یہ خصوصیات اس امر کی عکاس ہیں کہ ہسپتال کی تعمیر میں معیار کو ہر مرحلے پر ترجیح دی گئی ہے۔
اس ہسپتال کی ایک اہم خوبی یہ بھی ہے کہ یہاں مختلف شعبوں کے ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، آرتھوپیڈکس، شعبہ اطفال، ناک، کان اور گلہ(ENT)، ڈینٹل، فزیوتھراپی، میکسیلوفیشل سرجری، ریڈیالوجی، گائناکالوجی، پیتھالوجی، نیورو سرجری، ویسکولر اور تھوریسک سرجری جیسے شعبے اس کو ایک مکمل ٹرشری کیئر ہسپتال کا درجہ دیتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ مریضوں کو مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے الگ الگ شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ انہیں ایک ہی جگہ پر تمام طبی سہولیات میسر ہو نگیں۔ماں اور بچے کی صحت ہر معاشرے کی ترقی کا بنیادی اشاریہ سمجھی جاتی ہے۔ ایف سی ہسپتال تربت میں اس پہلو کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU)، جدید لیبر روم، گائناکالوجی وارڈز، فیملی وارڈز، سرجیکل وارڈز، میڈیکل وارڈز، آئسولیشن روم اور انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) قائم کیے گئے ہیں۔ ان سہولیات سے نہ صرف زچگی کے دوران پیچیدگیوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ نومولود بچوں کو ابتدائی طبی امداد بھی میسر ہوگی۔جدید طبی آلات سے آراستہ آپریشن تھیٹرز اس ہسپتال کا ایک اور نمایاں پہلو ہیں۔ جو مختلف نوعیت کی پیچیدہ سرجریوں کے لیے موزوں ہیں۔ اس کے ساتھ 1.1 میگاواٹ پاور بیک اپ سسٹم، آکسیجن جنریشن پلانٹ، جدید انسنریٹر سسٹم(Incinerator Systen) اور مرکزی ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ (HVAC) کا مربوط نظام ہسپتال کی بلا تعطل کارکردگی کو یقینی بناتا ہے۔ ان سہولیات کی موجودگی کسی بھی جدید طبی ادارے کی بنیادی ضرورت تصور کی جاتی ہے۔ایک اچھا ہسپتال صرف علاج فراہم نہیں کرتا بلکہ مریض اور اس کے اہل خانہ کےلئے باوقار ماحول بھی فراہم کرتا ہے۔ اسی ویژن کے تحت ایف سی ہسپتال تربت میں جدید کیفے ٹیریا، آرام دہ بیرونی نشست گاہ، کانفرنس روم اور جدید لانڈری سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے۔ یہ تمام سہولیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہسپتال میں صرف مریض ہی نہیں بلکہ تیمارداروں اور طبی عملے کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھا گیا۔جنوبی بلوچستان میں اس معیار کے ہسپتال کا قیام صرف صحت کے شعبے میں بہتری تک محدود نہیں بلکہ یہ علاقے کی مجموعی سماجی اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ واضح رہے کہ جب کسی علاقے میںبہترین طبی سہولیات دستیاب ہوں تو عوام کا اعتماد بڑھتا ہے، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، نوجوان ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کو خدمات انجام دینے کا بہتر ماحول ملتا ہے اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ) جنوبی بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کی ضامن ۔

ٹیگز: