Wed, September 16, 2026

دھند نے پنجاب اور سندھ کو لپیٹ میں لے لیا، موٹرویز بند، حادثات میں ایک جاں بحق

دھند نے پنجاب اور سندھ کو لپیٹ میں لے لیا، موٹرویز بند، حادثات میں ایک جاں بحق

لاہور:پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹرویز کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قومی شاہراہوں پر بھی آمدورفت متاثر ہے۔

موٹروے ایم ٹو لاہور سے بلکسر تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ موٹروے ایم تھری فیض پور سے رجانہ، موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم فائیو پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔

قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر سمیت متعدد علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں جن میں احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، اقبال نگر، رحیم یار خان اور صادق آباد شامل ہیں، دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

دھند کے باعث پتوکی اور جیکب آباد میں گاڑیوں کے تصادم کے واقعات پیش آئے، جن میں ایک شخص جاں بحق اور سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔ موٹروے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: