کراچی: ملک کی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، جہاں قیمتی دھات کے نرخ ایک بار پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں آج مزید 2 ہزار 200 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 56 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخ بھی بڑھ گئے، قیمت میں 1 ہزار 887 روپے اضافے کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 91 ہزار 406 روپے تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جبکہ صرف چار روز کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 28 ہزار 600 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
صرافہ مارکیٹ میں قیمتوں کے اس اضافے کی وجہ عالمی معاشی حالات میں بے یقینی، مختلف ممالک کے درمیان جاری کشیدگی، عالمی مالیاتی پالیسیوں میں تبدیلی اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی بھی پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالتی ہے۔
دوسری جانب سونے کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے عام خریداروں کو متاثر کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بلند قیمتوں کے باعث زیورات کی خریداری مشکل ہوگئی ہے، جبکہ صرافہ تاجروں کے مطابق مہنگائی کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور لوگ صرف ضرورت کے وقت خریداری کر رہے ہیں۔