لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ایک بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی، ملک انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
خصوصی گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی، ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز نے قیامِ امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہی، جبکہ صوبے کے وسائل انتشاری سیاست کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز خیبرپختونخوا میں بھی امن چاہتی ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ امن و امان قائم کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بیان کو پختونوں کی توہین قرار دینا درست نہیں، پختونوں کی توہین تب ہوتی جب انہیں تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم رکھا جاتا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے دندناتے پھر رہے ہیں۔