Wed, September 16, 2026

مخالفین پنجاب کی کامیاب منصوبوں پر تنقید کر کے خبروں میں آنے کی کوشش کرتے ہیں: عظمیٰ بخاری

مخالفین پنجاب کی کامیاب منصوبوں پر تنقید کر کے خبروں میں آنے کی کوشش کرتے ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف ہمیشہ پنجاب حکومت پر تنقید کر کے میڈیا میں چھائے رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بیرسٹر سیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے وضاحت دی کہ بائیکر لین کا رنگ ایک مقامی کمپنی نے ایک سال کی گارنٹی پر ٹیسٹ کے طور پر لگایا تھا، اور اس عمل میں پنجاب حکومت کا کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، نہ ہی کوئی ادائیگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی خود ہی دوبارہ بائیکر لین کا رنگ کرے گی۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاور بی آر ٹی کا منصوبہ پانچ سالوں میں زیادہ تر بند رہا اور اس کے حوالے سے کئی مسائل سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میٹرو کے لیے کے پی حکومت کو 60 ارب روپے ادا کرنے ہیں، اور اس کیس کی سماعت ابھی عدالت میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میٹرو بس، اورنج ٹرین اور اب ٹرام اور انڈرگراؤنڈ گرین لائن جیسے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں لوگ آج بھی ندی نالوں کو عبور کرنے کے لیے ڈولیوں اور بائیکس کا استعمال کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ لوگ جو اپنی حکومت کی کارکردگی دکھانے کے قابل نہیں ہوتے، وہ دوسروں کے کاموں میں کیڑے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹیگز: