Wed, September 16, 2026

سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام تیز، زیادہ تر علاقے بحال

سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام تیز، زیادہ تر علاقے بحال

اسلام آباد : ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز اور گرڈ سٹیشنز کو یا تو مکمل طور پر یا عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 27 گرڈ اور 80 فیڈرز متاثر ہوئے تھے جن میں سے 15 مکمل اور 61 عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں۔ گیپکو نے 11 گرڈز اور 103 فیڈرز میں سے 86 کو مکمل اور 17 کو جزوی طور پر بحال کر دیا ہے۔ لیسکو کے علاقوں میں بھی زیادہ تر فیڈرز بحال ہو چکے ہیں، اور شیخوپورہ میں بجلی کی بحالی مکمل ہو چکی ہے۔

میپکو کے علاقوں میں 151 فیڈرز کو عارضی بحال کر دیا گیا ہے اور جیسے ہی پانی کم ہوگا، مکمل بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ پیسکو کے علاقوں میں بھی بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے اور زیادہ تر فیڈرز بحال ہو چکے ہیں۔ شمالی وزیرستان اور خیبر کے متاثرہ فیڈرز میں بھی بجلی بحال کی جا رہی ہے۔

مانسہرہ میں تین فیڈرز مکمل بحال ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ملک میں 50 گرڈ اور 513 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے نصف سے زیادہ کو بحال کیا جا چکا ہے۔

پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد سے جلد بجلی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: