لاہور: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے صوبے میں اسموگ کے خاتمے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔ لاہور میں ایک پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ اسموگ کی بنیادی وجوہات پر قابو پانے کے لیے خاص منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال اسموگ کے موسم میں پنجاب کے پاس نگرانی اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا، مگر اب جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس مسئلے کی نگرانی کی جا رہی ہے جو اسموگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ نہ صرف ماحولیاتی بلکہ انسانی صحت کا بھی سنگین مسئلہ ہے، اس لیے مختلف متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں، اور وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ گرین ٹرانسپورٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے ٹرانسپورٹ، صنعتی شعبہ اور زرعی شعبے میں جدید تکنیکی حل متعارف کرائے ہیں جبکہ فصلوں کے فضلے کو جلانے سے روکنے کے لیے سپرسیڈر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ گاڑیوں میں جدید آلات نصب کیے جا رہے ہیں جن کی بنیاد پر فٹنس سرٹیفکیٹ دیے جاتے ہیں، اور صوبے بھر میں ماحول دوست ای بائیکس اور ای بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ ہوا کی صفائی کو بہتر بنایا جا سکے۔