Wed, September 16, 2026

بھارتی پروپیگنڈا دفن، دشمن کو صرف ٹریلر دکھایا ہے،  بھارت کی پروفیشنل آرمی اب سیاست زدہ ہو چکی ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارتی پروپیگنڈا دفن، دشمن کو صرف ٹریلر دکھایا ہے،  بھارت کی پروفیشنل آرمی اب سیاست زدہ ہو چکی ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی:ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کا غرور مٹی میں ملا دیا ہے۔ راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے جو اپنے ملک میں خود کارروائیاں کروا کر الزام پاکستان پر ڈالنے کا عادی ہو چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی پروفیشنل آرمی اب سیاست زدہ ہو چکی ہے اور وہاں کے سیاستدان محض جنگجوؤں جیسا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مئی کے معرکوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو مئی میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ایئر چیف پر طنز کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "انہیں کئی ماہ بعد یاد آیا کہ انہوں نے بھی کوئی جہاز گرایا تھا، یہ لوگ سندور سے باہر کیوں نہیں نکلتے؟ سندور تو خواتین کو لگایا جاتا ہے۔
پاکستانی دفاعی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا۔ ہم پہلے بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں۔ اگر کسی کو شک ہے تو سامنے آ جائے، ابھی تو ہم نے صرف ٹریلر دکھایا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جنگ پاگل پن ہے، لیکن اگر بھارت یہی زبان سمجھتا ہے تو ہم جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ انہوں نے بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کو "ناپاک اور غیر فطری" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے ڈورے بھارت سے ہلائے جا رہے ہیں۔
خارجی فتنہ پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ عناصر اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کفار کے ساتھ معاہدے کرنا کون سا اسلام ہے؟ انہوں نے دوٹوک کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور پاک فوج ان فتنہ پرور عناصر کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

ٹیگز: