اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں حملہ کرنے کی کوشش کی، مگر ہماری بہادر افواج نے فوری اور زبردست جواب دیا، اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور یہ واضح کر دیا کہ پاکستان کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے اور آئے روز پاکستان پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے۔ حالیہ حملے کے بعد بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام بھی پاکستان پر لگایا، جو مکمل طور پر جھوٹا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے حملے کے شواہد بھارت سے جڑتے ہیں، مگر افسوس بھارت نے اس واقعے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہر سطح پر واضح کیا ہے کہ اس کا ان حملوں سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج پوری طرح چوکس تھی، جیسے ہی بھارتی طیارے فضا میں بلند ہوئے، ہماری فضائیہ نے ان کو لاک کر کے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ بھارتی جہاز سری نگر واپس جا کر لینڈ کر گئے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حملے میں بھارت کے 80 جنگی طیارے شامل تھے، پاکستان 10 طیارے گرا سکتا تھا، مگر ہم نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ دشمن کو کل رات ضرور بے چینی کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد کا ہے، نہ کہ سیاست کا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے پاس جانے کے لیے تیار ہیں تاکہ ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دینا، اور دنیا کو دکھانا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور متحد قوم ہے۔