Wed, September 16, 2026

کسٹمز کے نظام کو فیس لیس اور شفاف بنایا جائے ، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

 کسٹمز کے نظام کو فیس لیس اور شفاف بنایا جائے ، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسٹمز کے نظام کو فیس لیس (Faceless) اور شفاف بنایا جائے تاکہ کاروباری افراد کو سہولت ملے اور ملک کی آمدن میں اضافہ ہو۔

یہ بات انہوں نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینے کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ انسانی مداخلت کو کم کر کے پورا عمل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلایا جائے تاکہ کرپشن کے امکانات ختم ہوں اور کلیئرنس میں تاخیر نہ ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسٹم کلیئرنس کے عمل میں درکار وقت کم کیا جائے،  تخمینے پر اپیل کا اختیار غیر جانبدار اور غیر سیاسی افسران کے پاس ہواور ادارے ایک دوسرے سے مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایک نیا سسٹم جلد نافذ کیا جا رہا ہے، جو خطرے (Risk) کی بنیاد پر اشیاء کی جانچ کرے گا اور کلیئرنس کا عمل مزید تیز کرے گا۔

مزید یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے باعث غیر قانونی اشیاء کی ترسیل میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ قانونی تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے بندرگاہوں پر کارگو کی بروقت ترسیل کے لیے بھی منظم منصوبہ بندی کی ہدایت دی تاکہ درآمد شدہ سامان جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچ سکے۔

ٹیگز: