نئی دہلی : پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد بھارت پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور اس نے کشیدگی کم کرنے کے لیے عرب ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے خاص طور پر متحدہ عرب امارات سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان پر اثر ڈالے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہو سکے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے اس صورتحال پر اپنے ردعمل میں کہا کہ دونوں ممالک کو صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ یہ کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے ہی اس مسئلے کا حل ممکن ہے۔
دوسری طرف ، بھارت نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال حملے کیے، جن میں پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 24 حملے شامل تھے۔ ان حملوں میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، جبکہ 2 افراد لاپتہ ہو گئے۔
پاکستان نے ان حملوں کا فوری جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔