Wed, September 16, 2026

عالمی برادری کا بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار، دونوں ممالک سے تحمل کی اپیل

عالمی برادری کا بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار، دونوں ممالک سے تحمل کی اپیل

اسلام آباد  : عالمی برادری نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک سے کہا ہے کہ وہ سکون اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی۔ چین نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کے خلاف جارحیت سے اجتناب کرے، کیونکہ ایسے اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونی گوتریس نے بھی دونوں ممالک سے کہا کہ موجودہ صورتحال تشویش کا باعث ہے اور وہ زیادہ سے زیادہ تحمل دکھائیں تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے بھی اس کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو تنازع بڑھانے کے بجائے امن کی راہ اختیار کرنی چاہیے تاکہ خطے میں استحکام قائم رہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بھارت کی کارروائی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے بھارت کے پاکستان پر حملے کی مذمت کی۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد عالمی برادری کو اس کے اثرات سے آگاہ کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اطلاع دی کہ پاکستان اپنا دفاع کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور وہ وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا۔

دوسری طرف، بھارت نے عرب ممالک، خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ وہ پاکستان پر اثر ڈال کر کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں۔ تاہم پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

ٹیگز: