ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے ایران کے حالیہ حملوں کے بعد عوام سے پہلا خطاب کیا اور کہا کہ ملک اس وقت جنگ کی حالت میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امارات اپنی سرزمین، عوام اور رہائشیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
صدر نے کہا کہ امارات آسان ہدف نہیں ہے۔ ان کے الفاظ میں، "ہمارا دفاع مضبوط ہے اور ہمارا عزم دشمنوں کے لیے واضح ہے۔ ہم آسان شکار نہیں ہیں۔"
اماراتی وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق، آج دفاعی نظام نے 16 بیلسٹک میزائلز میں سے 15 کو تباہ کیا اور ایک میزائل سمندر میں گر گیا۔ اس کے علاوہ، ایرانی فضائی حملوں میں یو اے ای نے 1,305 ڈرونز کا مقابلہ کیا جن میں سے 1,229 کو ناکارہ بنایا گیا، جبکہ 76 ڈرون اماراتی سرزمین پر گر گئے۔
قبل ازیں ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا تھا کہ ایران کسی بھی پڑوسی ملک پر حملہ نہیں کرے گا، جب تک کہ ان کی سرزمین سے ایران پر کوئی جارحیت نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبوری لیڈرشپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کی اجازت نہیں دی اور ایران علاقائی ممالک کے ساتھ دشمنی نہیں رکھتا۔