لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے موقع پر پاکستان آنے والے مختلف کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کے عہدیداران نے لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ کا دورہ کیا۔
دورے میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے کرکٹ بورڈ کے سربراہان شامل تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور دیگر عہدیداران نے مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
دورے کے دوران شاہی قلعہ کی تاریخ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور مہمانوں کے لیے خاص طور پر صوفی موسیقی کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا۔ یہ دورہ پاکستانی ثقافت اور تاریخ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے مثبت سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع بن گیا۔