کیلیفورنیا: اوپن اے آئی کا معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی، دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں افراد کی جانب سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ تقریباً 4 کروڑ افراد چیٹ جی پی ٹی کو صحت سے متعلق سوالات کے جوابات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، صارفین زیادہ تر علامات، دوائیں، علاج کے طریقے، اور دیگر صحت کے مسائل کے حوالے سے چیٹ جی پی ٹی سے معلومات حاصل کرتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ جو سوالات چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے جاتے ہیں، ان میں 5 فیصد سے زیادہ صحت سے متعلق ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی کے 80 کروڑ ماہانہ صارفین میں سے تقریباً 20 کروڑ ہر ہفتے کم از کم ایک بار صحت کے بارے میں سوالات کرتے ہیں۔ ان سوالات میں زیادہ تر افراد اپنے سر درد کی شدت، پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص، یا نئی ادویات کے اثرات کے بارے میں پوچھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، 55 فیصد صارفین بیماری کی علامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، 52 فیصد اس اے آئی ٹول کو صحت سے متعلق جوابات کے لیے استعمال کرتے ہیں، 48 فیصد طبی اصطلاحات یا ہدایات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، اور 44 فیصد افراد مختلف علاج کے متبادل بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے کہا کہ یہ اے آئی ٹیکنالوجی ان افراد کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے جنہیں فوری طور پر ڈاکٹروں تک رسائی مشکل ہوتی ہے۔