اسلام آباد: عالمی شہرت یافتہ جریدے 'عرب نیوز' نے پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کا ابھرتا ہوا "ہب" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری معاشی اصلاحات نے عالمی منڈیوں کا اعتماد جیت لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سخت معاشی فیصلوں کے نتیجے میں افراطِ زر کی شرح سنگل ڈیجٹ (5 فیصد) تک گر چکی ہے۔ شرح سود میں کمی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کی لاگت کم کر دی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا اور زرمبادلہ کے ذخائر کا کئی سالوں کی بلند ترین سطح پر ہونا ملکی معیشت کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں خاص طور پر پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعریف کی گئی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کا ریئل ٹائم پیمنٹ سسٹم اور براڈ بینڈ تک رسائی اسے دیگر ترقی پذیر ممالک سے ممتاز بناتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق، اب روایتی شعبوں سے ہٹ کر ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ماہرین نے درج ذیل شعبوں کو خلیجی ممالک کے لیے 'اگلا بڑا ہدف' قرار دیا ہے، مصنوعی ذہانت (AI) کا فروغ، ڈیٹا سینٹرز کا قیام، 5G نیٹ ورک کی لانچنگ۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پالیسیوں کے تسلسل نے طویل المدتی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر دی ہے۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری اس بات کی مہر ہے کہ پاکستان اب ایک محفوظ اور منافع بخش معیشت بن چکا ہے۔