کولمبو : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ایک ہارے ہوئے میچ میں معجزاتی واپسی کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایک وقت میں 148 رنز کا تعاقب پاکستان کے لیے ڈراؤنا خواب بن گیا تھا، لیکن فہیم اشرف نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
پاکستان کی اننگز ایک مرحلے پر شدید بحران کا شکار ہو گئی تھی جب بابر اعظم، شاداب خان اور محمد نواز جیسے تجربہ کار کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔ جب پاکستان کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں، فہیم اشرف نے کریز سنبھالی اور محض 9 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ڈچ ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
صاحبزادہ فرحان نے 46 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھی، جبکہ صائم ایوب 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل، نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے تھے۔ ایک موقع پر ڈچ ٹیم 170 رنز کی طرف بڑھ رہی تھی، لیکن پاکستانی باؤلرز نے آخری لمحات میں شکنجہ کس لیا۔ سلمان مرزا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی باؤلرز نے آخری 6 ڈچ وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کر کے نیدرلینڈز کو بڑے ٹوٹل سے محروم رکھا۔ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔