Wed, September 16, 2026

انگلینڈ کے نوجوان پیسر جان ٹرنر کا 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

انگلینڈ کے نوجوان پیسر جان ٹرنر کا 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

لاہور : انگلینڈ کے فاسٹ بولر جان ٹرنر نے کم عمری میں ہی کرکٹ کے تمام شعبوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 25 سالہ کھلاڑی نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

ہیمپشائر کے ساتھ ان کا معاہدہ مزید دو سال کے لیے باقی تھا، تاہم بار بار سامنے آنے والے انجری مسائل کے باعث انہوں نے کھیل کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا۔ کمر کی اسٹریس فریکچر انجری کے سبب وہ گزشتہ سال جون سے میدان سے دور تھے۔

جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ٹرنر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کے لیے کھیلنا ان کے بچپن کا خواب تھا، لیکن اب وہ اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہیمپشائر کا شکریہ ادا کیا کہ کلب نے ہمیشہ ان کی حمایت کی۔

ہیمپشائر انتظامیہ نے ٹرنر کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ٹیگز: