Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 12 کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کا امکان، جنوری میں انعقاد پر غور

 پی ایس ایل 12 کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کا امکان، جنوری میں انعقاد پر غور

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کو روایتی اپریل، مئی کی ونڈو کے بجائے جنوری 2027 میں منعقد کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں لیگ کے شیڈول سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ میڈیا رائٹس ہولڈر کی جانب سے جنوری میں لیگ منعقد کرنے کی تجویز دی گئی، جس کی ایک بڑی وجہ اپریل اور مئی کے دوران اشتہارات سے متوقع کم آمدن بتائی گئی ہے۔

جنوری میں پی ایس ایل کرانے کی صورت میں غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اس دوران بگ بیش لیگ اور جنوبی افریقا کی لیگ کے انعقاد کا امکان ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے علاقوں میں سرد موسم اور دھند کے باعث میچز کے انتظامات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے لیگ کا آغاز کراچی سے کرنے اور بعد میں میچز پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔

پی ایس ایل کی سرگرمیوں کو پورے سال تک وسعت دینے کے حوالے سے بھی متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ای سپورٹس کے میدان میں داخل ہونے اور نوجوان نسل کو لیگ سے مزید جوڑنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

رپورٹس کے مطابق سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جس کا مقصد فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔

ٹیگز: