Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیائی ہم منصب سے ملاقات، تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیائی ہم منصب سے ملاقات، تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورۂ ملائیشیا کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا "پردانا پترا" آمد پر سرکاری طور پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جس کے بعد دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات اور پھر وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

ملاقات میں خاص طور پر تجارت، معیشت، اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، حلال انڈسٹری، گاڑیوں کی صنعت، سبز توانائی، سیاحت، اعلیٰ تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ چاول کی برآمدات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ، فلسطین، اور جموں و کشمیر سمیت کئی علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ انور ابراہیم نے فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے، جن میں سیاحت، تعلیم، بدعنوانی کے خلاف اقدامات، چھوٹے کاروبار کے فروغ اور حلال سرٹیفیکیشن شامل ہیں۔

اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب "سکرپٹ" کی تقریب رونمائی بھی ہوئی، جس میں قیادت اور ذاتی تجربات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم انور ابراہیم نے شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

ٹیگز: