اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے سندھ میں شدید ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور شمالی سندھ کل سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس دوران شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت مختلف اضلاع زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں میں پارہ 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو دھوپ کی براہِ راست شدت سے محفوظ رکھا جائے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ شہری دن کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ مقدار میں پانی استعمال کریں۔