اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیاد امن، رواداری اور خدمتِ انسانیت پر رکھی گئی ہے، اور ملک نے ہمیشہ عالمی امن کے فروغ میں اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان خطے اور دنیا میں عارضی نہیں بلکہ دیرپا اور منصفانہ امن کا خواہاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمانی سفارتکاری اور عالمی روابط کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ پاکستان امن و انصاف، تحمل اور ذمہ داری کے اصولوں پر کاربند رہنے اور ان اقدار کو قائم رکھنے پر کامل یقین رکھتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں پارلیمانی سفارتکاری عالمی امن کے فروغ میں ایک انتہائی اہم ہتھیار کے طور پر ابھر رہی ہے، اور پاکستان کی پارلیمان امن کے بیانیے کی تشکیل و ترویج میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرگرم سفارتی روابط اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ پاکستان دنیا میں ایک ذمہ دار اور فعال ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے عالمی فورمز پر زور دیا کہ دنیا میں جنگ و جدل کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو مکالمے (ڈائیلاگ) اور ثالثی کے لیے ایک مشترکہ اور مؤثر نظام تشکیل دینا ہوگا۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھاپاکستان کا وجود ہی امن اور انسانیت کی خدمت کی بنیاد پر قائم ہے۔ ہم دنیا کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ مسائل کا حل جنگوں میں نہیں بلکہ مذاکرات اور منصفانہ امن میں پوشیدہ ہے، اور پاکستان اس مقصد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گا۔